میری آپا کے نام

میں شاید بہت سیلفش لگوں، لیکن میری ہمیشہ یہی دعا ہوتی ہے کہ اللہ پاک میری آپا کو بہت لمبی عمر عطا فرمائے۔ اتنی لمبی کہ زندگی کے ہر موڑ پر مجھے یہ اطمینان رہے کہ میری آپا میرے ساتھ ہیں۔ کیونکہ میں جانتی ہوں کہ جب تک آپ میری زندگی میں موجود ہیں، شاید ہی کوئی مشکل ایسی ہو جس کا سامنا کرنے سے مجھے خوف آئے۔ آپ کی موجودگی میرے لیے صرف ایک رشتے کا نام نہیں، بلکہ ایک ایسا تحفظ ہے جس کے ہوتے ہوئے زندگی کی بڑی سے بڑی پریشانی بھی چھوٹی محسوس ہونے لگتی ہے۔
میں کبھی کبھی اپنے اردگرد نظر دوڑاتی ہوں اور سوچتی ہوں کہ میری زندگی میں شاید ہی کوئی ایسی آسائش، سہولت یا کامیابی ہو جس کے پیچھے آپ کا ہاتھ نہ ہو۔ والدین اپنی اولاد کے لیے کرتے ہیں، یہ فطری ہے، یہ ان کی محبت کا حصہ ہے۔ لیکن ایک بہن کا اپنے بہن بھائیوں کے لیے اس حد تک سوچنا، ان کی ضروریات کو اپنی ترجیحات میں شامل کرنا، ان کے لیے آسانیاں پیدا کرنا اور ان کی زندگی کو بہتر سے بہترین بنانے کی کوشش کرنا، یہ کوئی معمولی بات نہیں۔ شاید اللہ نے آپ کو ہمارے لیے ایک خاص رحمت بنا کر بھیجا ہے۔
میں نے کئی بار سوچا کہ کوئی ایسا طریقہ ہو، کوئی ایسا موقع ملے کہ آپ کی دی ہوئی محبت، آپ کی قربانیوں اور آپ کی بے شمار نعمتوں کا کچھ حصہ ہی آپ کو لوٹا سکوں۔ لیکن عجیب بات ہے کہ میں جب بھی کسی ایک چیز کو اپنا ہدف بناتی ہوں کہ یہ آپ کے لیے کروں گی، اس سے پہلے ہی آپ ہماری زندگی میں دس نئی آسانیاں پیدا کر چکی ہوتی ہیں۔ ایک احسان کا جواب سوچتی ہوں تو احساس ہوتا ہے کہ ابھی تو کتنی ہی ایسی چیزیں ہیں جن کا کوئی حساب ہی نہیں۔
شاید میرے یہ الفاظ بھی بہت چھوٹے ہیں۔ ان میں وہ شدت، وہ گہرائی اور وہ احساس سمو ہی نہیں سکتا جو میرے دل میں آپ کے لیے ہے۔ کچھ رشتوں کے لیے الفاظ واقعی ناکافی ہو جاتے ہیں، کیونکہ ان کی محبت کو بیان کرنے کے لیے صرف زبان نہیں، پوری زندگی بھی کم پڑ جاتی ہے۔
ایک دن میں نے خود کو ایک عجیب سی بات سوچتے ہوئے پایا۔ میں مرتضیٰ کے لیے کپڑے خرید رہی تھی اور اپنے لیے نہیں۔ پھر جب میں نے اس بات پر غور کیا تو احساس ہوا کہ شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ میری اپنی چھوٹی سے چھوٹی ضرورت بھی آپ نے ہمیشہ میرے کہنے سے پہلے پوری کر دی۔ مجھے کبھی اپنی خواہشات کے لیے فکرمند ہونے کی ضرورت ہی محسوس نہیں ہوئی۔ آپ نے میری زندگی سے ضروریات کی وہ فکر نکال دی جس میں انسان اکثر اپنی خوشیاں اور اپنے خواب بھول جاتا ہے۔
اور شاید آپ نے مجھے صرف چیزیں، سہولتیں یا آسائشیں ہی نہیں دیں، بلکہ ان مادی ضرورتوں سے بے فکر کرکے ایک بہتر سوچ، ایک بہتر زندگی اور اپنے لیے کچھ بڑا کرنے کا حوصلہ بھی دیا۔ یہ وہ تحفہ ہے جس کی قیمت دنیا کی کوئی دولت ادا نہیں کر سکتی۔
مجھے لگتا ہے کہ مجھ سمیت گھر کا شاید ہر فرد ان باتوں سے اتفاق کرے گا۔ کیونکہ آپ کی محبت صرف میرے لیے نہیں، آپ کے آس پاس موجود ہر شخص کے لیے کسی نہ کسی صورت میں آسانی، سہارا اور خوشی بن کر سامنے آتی ہے۔
اور پھر آپ کی شخصیت۔۔ آپ کا پیار، آپ کا انداز، آپ کی خوبصورتی، آپ کا دل، آپ کی نفاست، آپ کی شفقت اور دوسروں کے لیے سوچنے کا ظرف۔۔۔ یہ سب خوبیاں ایک ہی انسان میں کہاں جمع ہوتی ہیں؟
لیکن میرے لیے ان سب کا جواب ایک ہی ہے۔۔ میری آپا۔