Mountains Calling: Sirbaz Khan A Fighter
ہنزہ کے لال رسیلے سیب ، بے حد تازہ کیلے ، فریش جوس اور پانی کی بوتلیں ۔۔ یہ سب اس نے سامنے لاکررکھ دیں ۔۔ یہ پہلا موقع تھا کہ کسی سلیبریٹی کا انٹرویو کرنے جائیں اور وہ خود میزبانی کے لوازمات پورا کرتا دکھائی دے ۔۔ دنیا کی تمام آٹھ ہزار میٹر بلند چودہ چوٹیاں سر کرنے سرباز خان ۔ یہ کارنامہ انجام دینے والا پہلا پاکستانی ہے ۔۔ لیکن جس خطے سے اسکا تعلق ہے وہ اپنے علاقے کے دیگر لوگوں کی طرح بے حد سادہ طبیعت کا مالک اور بہترین میزبان بھی ہے ۔۔ انٹرویو کے لئے جانے سے قبل مجھے سرباز کی تھکن کا باخوبی اندازہ تھا اور میں مختصر ریکارڈنگ کے لئے ذہنی طور پر تیار تھی ، لیکن سرباز جب ہمیں گھر کے باہر خوش آمدید کہنے آئے تو انکی انرجی نے مجھے حیران کردیا ۔ بلند ترین پہاڑ سرکرنے والے قومی ہیرو کے مزاج میں جو عاجزی تھی وہ متاثر کن تھی ۔ طویل گپ شپ میں کئی باتیں قابل ذکر رہیں ۔۔ سرباز نے چودہ میں سے بارہ چوٹیاں بغیر آکسیجن کے سر کی ہیں اور جلد ہی سرباز چودہ چوٹیاں بغیر آکسیجن کے سرکرنے والے قلیل کوہ پیماؤں کی فہرست میں بھی شامل ہوجائیں گے ۔ محمد علی سدپارہ کے ساتھ سرباز کے چودہ چوٹیوں کے مشن کا آغاز ہوا تھا اور محمد علی سپدپارہ کے آخری مشن کے ساتھ ہی میرا کوہ پیمائی کے اس جنون سے بالواسطہ تعارف ہوا تھا ۔۔ اس تعلق کو جوڑتے ہوئے امید کرتی ہوں کہ پہاڑ سرکرنے والوں کو جاننے کے اس آغاز سے اب پہاڑوں کو پہچاننے کے انجام تک سفر تکمیل کو پہنچے ۔