My Blogs

آپ سب ايک دوسرے کو مبارک ہو

خير آج کل زندگيوں سے کچھ ايسے رخصت ہورہا ہے کہ دل چاہتا ہے شہزاد احمد سے يہ شعر مستعار لے ليا جائے کہ

رہنے دیا نہ اس نے کسی کام کا مجھے
اور خاک میں بھی مجھ کو ملا کر نہیں گیا

گذشتہ شب پنجاب اسمبلي ميں وزيراعليٰ کے انتخاب کے لئے ووٹنگ کا نتيجہ غير متوقع نہيں تھا ۔ سترہ جولائي کو ضمني انتخاب کے نتائج کے بعد خود ساختہ تجزيہ کاروں نے بھي تبصروں ميں صورت حال کو يقيني طور پر واضح کرديا تھا ۔ کسي کو تو يہ بھي کہتے سنا کہ گھبرانے کي بات نہيں زرداري صاحب جلد چوہدري شجاعت سے ملاقات کريں گے ۔ غيرجمہوري عمل اس قدر مقبول و معروف ہوگا اس کا ادراک کسي وقت مشکل تھا جو اب اس حد تک نارمل لگ رہا ہے کہ گذشتہ روز کي رولنگ کي پيش گوئي يوتھيوں کو چھوڑ کر غير سياسي بچے بھي کرسکتے تھے ۔ اب گلا کريں بھي تو کس بات کا ! چور دروازہ دکھانے والے شکوہ کرتے اچھے نہيں لگتے۔ کسي بھي جماعت يا شخصيت سے عدم وابستگي رکھنے والے چند ساتھيوں سے جب صبح سويرے گفتگو کا موقعہ ملا تو ايک ہي جملے ميں بات تمام ہوئي ( يہ سب ايک دوسرے کے ہي مستحق ہيں) اس فلسفے کو سمجھنے کے لئے اس غيرجمہوري ، غلامي کي زنجير کا معائنہ کرنا پڑے گا جس کي حاليہ کڑي فلور کراسنگ پر سپريم کورٹ کي رولنگ تھي ۔ اس سے پہلے عمران خان کي جانب سے عدم اعتماد کے ووٹوں کو ماننے سے انکار تھا ، سائفر کي بنياد پر قاسم سوري کا اعلان تھا ۔ اس سے بھي پہلے سول ملٹري گٹھ جوڑ سے حکومت کو ڈي ريل کرنا تھا ، اس سے بھي پہلے ايک تگڑي اپوزيشن چھوڑ کر دو تہائي کے بنا لولي لنگڑي حکومت بنانا تھا ۔ ڈوريں کھينچنے والوں کے ہاتھوں کٹھ پتلي بننا تھا اور اس سے بھي پہلے اور اس سے بھي پہلے کا يہ تسلسل قيام پاکستان تک لے جاسکتا ہے ۔ لہذا اب يہي کہا جاسکتا ہے کہ آپ سب ايک دوسرے کو مبارک ہو ۔۔